تاریخِ طبری جلد اوّل- تخلیقِ کائنات اور حضرت آدم ؑ سے لے کر حضرت محمد ﷺ تک مختلف انبیاء ؑ اور ان کی امتوں و بادشاہوں کے واقعات
تاریخ الرسل والملوک جو تاریخ الامم والملوک یا تاریخ طبری کے نام سے مشہور ہے، اہل سنت کے مشہور عالم و محقق محمد ابن جریر الطبری (838ء تا 923ء) کی لکھی ہوئی کتابِ تاریخ ہے، تاریخ اسلام کی مشہور اور مستند کتاب ہے۔ تاریخی سلسلہ میں سب سے جامع اور مفصل کتاب ہے، تاریخ کامل ابن اثیر، تاریخ ابن خلدون اور تاریخ ابوالفداء وغیرہ میں اسی سے استفادہ کیا گیا ہے۔ بنیادی طور پر یہ عربی میں لکھی گئی تھی مگر اس کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی بیشتر مشہور زبانوں میں ہو چکا ہے۔
یہ کتاب سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور سیر صحابہ وتابعین پر یہ تالیف سند کی حیثیت رکھتی ہے اور سیرت نگاری پر لکھی جانے والی کتب کا یہ اہم ماخذ ہے المختصر سیرت نبوی اور سیرت صحابہ وتابعین پر یہ ایک عمدہ کتا ب ہے۔جس کا مطالعہ قارئین کو ازمنہ ماضیہ کی یاد دلاتا ہےاور ان عبقری شخصیات کے کارہائے نمایاں قارئین میں دینی ذوق ،اسلامی محبت اور ماضی کی انقلابی شخصیات کے کردار سے الفت و یگانگت پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ مذہبی شخصیات اور علمائے کرام کے مطابق فحش لٹریچر ،گندے میگزین اور ایمان کش جنسی ڈائجسٹ کی بجائے ایسی تاریخی کتب کا مطالعہ کرنا چاہیے جو شخصیات میں نکھار ،ذوق میں اعتدال ،روحانیت میں استحکام اور دین سے قلبی لگاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔