دنیا جہان میں مختلف ذہنیتوں کے اعتبار سے اختلاف کا ہونا ایک فطری امر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں بہت سارے مسالک و مذاہب پائے جاتے ہیں۔ ان میں سے ہر کوئی یہ حسن ظن رکھتا ہے کہ وہ صراط مستقیم پر ہے اور اس کے مخالفین راہ ہدایت سے بھٹکے ہوئے ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ کے فرمان کے مطابق ایسا گروہ حق پر ہے جس کا عمل نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام کے عمل کے عین مطابق ہے۔ دنیا جہان میں کچھ ایسے بھی فرقے پائے جاتے ہیں جو اللہ رب العزت کی صفات میں افراط و تفریط کا شکار ہونے کی وجہ سے راہ اعتدال سے دور ہو گئے۔ ان میں سے معتزلہ، جہمیہ، اشاعرہ، ماتریدیہ وغیرہ قابل ذکر ہیں، یہ فرقے اللہ تعالیٰ کا استوا علی العرش،اللہ تعالیٰ کا ہاتھ،پنڈلی، نزول آسمانِ اول اور وہ تمام صفات الٰہی جو کتاب و سنت سے ثابت ہیں ان میں تلاویلات و تحریفات اور تعطیلات کے قائل ہیں۔ جبکہ فرقہ ناجیہ طائفہ منصورہ اہل سنت و الجماعت کا یہ عقیدہ ہے کہ یہ تمام صفات برحق ہیں اور ان پر ہمارا مکمل ایمان و ایقان ہے۔ ہم بغیر کسی تاویل، تعطیل، تکییف، تشبیہ کے ان پر ایمان لاتے ہیں۔ زیر نظر کتاب"اللہ پرایمان اور توحید کی بعض بنیادی تعلیمات" سید حسین بن عثمان عمری مدنی کی توحید کی متعلق ایک جامع کتاب ہے۔ جس میں فاضل مؤلف نے اللہ پر ایمان کے متعلق اور توحید کی اقسام، اہمیت ، فضیلت، توحید اسماء صفات اور شرک کی مذمت کرتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں دلائل و براہیں سے توحید باری تعالیٰ کو قلمبند کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مصنف کی کاوش کو قبول و منظور فرمائے۔ آمین(عمیر).