گھر انسان کی جان اور اس کے ایمان ،مال واولاداور فتنوں کے دور میں تمام قسم کی برائیوں سےحفاظت کی ضمانت ہوتاہے۔ ہرگھر معاشرہ کے لیے مکان میں اینٹ کی طرح ہوتاہے۔ جس طرح عمارت کی ایک ایک اینٹ کا درست ہونا ضرروی ہے، اسی طرح ہر گھر کا اسلامی طرزِ زندگی گزارنا معاشرہ کی اصلاح کے لیے ضروری ہے۔ جب ہر گھر اپنی اخلاقی، معاشرتی ،دینی ذمہ داری سے نبردآزما ہوگا تو یقیناً ایسا معاشرہ وجود میں آئے گا جہاں نیکی کاہرکام کرنا ممکن ہو سکے گا۔ برائی کےاسباب کم ہونگےاور رحمت الٰہی کانزول ہوگا ۔معاشرےمیں امن وسکون اور ہر انسان اپنےگھر میں اطمینان کی نیند سوئے گا۔زیر تبصرہ کتاب جسے حافظ محمد عباس صدیق ﷾نے اصلا ح البیوت کے نام سے کتاب وسنت اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں معاشرہ کی اصلاح کے لیے مرتب کیاہے ،اس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ اصلاح البیوت سے مراد گھروں کی عمارات کی تزئین وآرائش نہیں بلکہ گھرو ں میں بسنے والے افراد کے عقائد واعمال کی اصلاح ہے ،کیوں کہ عقیدےکی درستگی کے بغیر کوئی بھی عمل اللہ کے ہاں قابل قبو ل نہیں۔اوراہل خانہ کی اصلاح وتربیت ہر انسان پر لازم ہے۔ اس کتاب کے مطالعہ سے یہ مقصد کافی حد تک پور ہوجاتا ہے۔ ان شا ء اللہ (م۔ا).